سیول(این این آئی)جنوبی کوریا میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے جبکہ جنوبی کوریا میں سیلاب کے باعث پانی سے بھری سرنگ سے 1افراد کی نعشیں برآمد کرلی گئیں،غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 39 تک جا پہنچی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرکے روز شمالی صوبے کے شہر چوئنگجو کے انڈر پاس میں 13 افراد ڈوب گئے جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔جنوبی کوریا کے صدر یون سک نے ریسکیو آپریشن اور بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی ہیں۔ یوکرائن سے واپسی پر صدر یون سک نے فوری اجلاس طلب کیا جس میں ڈیزاسٹر سے متعلق تمام اداروں کو متاثرین کو فوری طور پر ریسکیو کرنے کے احکامات دیے۔جنوبی کوریا کے صدر نے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حادثات میں مرنے والوں کے لیے دعاگو اور ان کے بہادر اہلخانہ کے ساتھ ہیں، ہمیں اس صورتحال میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کرنے ہیں۔ جنوبی کوریا میں مون سون کی شدید بارشیں جاری ہیں جہاں 9 جولائی سے شروع ہونے والی بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے، ملک کے تمام نشیبی علاقے ان دنوں سیلاب کی زد میں ہیں جہاں وسطی اور جنوبی علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے چوئنگجو شہر سے مزید نعشیں برآمد کی ہیں جہاں ایک ٹنل میں 16 گاڑیاں سیلابی پانی میں پھنس گئی تھیں جب کہ ہفتے کے روز ٹنل سے 9 لاشیں نکالی گئی تھیں۔
جنوبی کوریا میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی
Jul 18, 2023