پنجاب، شمالی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔گجرات، جہلم اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔گجرات میں بارش کے باعث گیپکو کے کئی فیڈر متاثر ہو گئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ جہلم شہر اور گردو نواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی بارش اور تیز ہوا سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بھی شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ بھبمر میں بھی شدید حبس کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔بلوچستان کے علاقے شیرانی، دہانا سر اور ژوب میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔دہانا سر میں رات گئے لینڈسلائڈنگ بھی ہوئی، سیلابی صورتحال کے باعث ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ دہانا سر کے مقام پر آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے، موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے، کراچی میں ممکنہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شدت 42 ڈگری تک محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔