جھیل سے متاثرہ علاقوں گلمت ، آئین آباد اور ششکٹ کے متاثرین کی جانب سے کئی مقام سے سپل وے کو چوڑا کرنے کا کام وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ میں حکومت کی عدم توجہی کے باعث ان کی زمینیں تباہ ہوچکی ہیں ۔ اب وہ ہرحال میں سپل وے کو چوڑا کرینگے تاکہ جلد جھیل کے پانی کا نکاس ہواوروہ دوبارہ اپنے علاقوں کو آباد کرسکیں ۔ ادھروزیراعلی سید مہدی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپل وے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اگر سپل وے شروع میں ہی ٹوٹ جاتا تو بہت بڑا نقصان ہوسکتا تھا ، وزیراعلی نے کہا کہ غیرملکی ماہرین کی ٹیم سپل وے کا جائزہ لینے کے لئے جارہی ہے جس میں فورس کمانڈر گلگت اور چیف سیکرٹری بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو جھیل کی جانب آمدورفت کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔ دوسری جانب ہنزہ انتظامیہ کی جانب سے ساٹھ سے زائد کشتیاں تھانے میں بند کردی گئی ہیں ۔