لاہور (مانیٹرنگ نیوز+نمائندہ خصوصی) جنوبی پنجاب سمیت صوبے بھر میں تین کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ مطلوب اور مشکوک افراد کی فہرستیں پنجاب پولیس کے حوالے کر دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیموں کے اہم رہنماﺅں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لئے ایک سے دوسرے ضلع میں داخلے پر پابندی کی سمری بھی تیار کر کے پنجاب پولیس کو دیدی گئی۔دریں اثنا ٹاﺅن شپ کے علاقہ میں رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے حوالے سے سرچ آپریشن شروع کردیا پولیس و ایلیٹ فورس کے سینکڑوں جوان اور افسر صبح سات بجے تک سرچ آپریشن میں مصروف رہے اس دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر بھی منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جمعہ کے روز دہشت گردی کی غرض سے پانچ خودکش بمبار صوبائی دارالحکومت میں داخل ہو چکے ہیں جن کی تلاش میں یہ سرچ آپریشن کیا گیا۔