کوئی فوج اپنے علاقے ميں لڑائی نہيں چاہتی، جنوبی وزيرستان ميں دہشت گردوں کے خلاف آپريشن مجبوراًکرنا پڑا۔ جنرل اشفاق پرويزکيانی

Jun 18, 2012 | 21:49

سفیر یاؤ جنگ
جنوبی وزیرستان کے علاقے اسپن کئی رغزئی ميں کيڈٹ کالج کے افتتاح کے بعد قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چيف نے کہا کہ گزشتہ سال علاقے ميں کيڈٹ کالج کے قيام کے حوالے سے کیا ہوا وعدہ پورا کرديا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیرکوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ جنوبی وزیرستان میں اب حالات بہترہوگئے ہیں، فوج تعلیم اورصحت کی سہولیات فراہم کرنے پرتوجہ دے رہی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مجبوراً کرنا پڑا کسی بھی ملک کی افواج اپنے علاقے میں لڑائی نہیں چاہتی۔ جنرل کیانی نے علاقے میں سپورٹس گراونڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کی طرح شاہد محسود بھی سامنے آنے چاہیں۔
جنرل کیانی نے جنوبی وزیرستان میں ایک سو پانچ کلوميٹر طويل ٹانک، گومل زام، وانا روڈ کا افتتاح بھی کيا اورامید ظاہرکی کہ مستقبل میں روڈ نیٹ ورک افغانستان کے ساتھ تجارت کا تیسرا بڑا روٹ بن جائے گا۔ اس سے قبل جنرل اشفاق پرويزکيانی نے جنوبی وزيرستان کا دورہ کیا اور وہاں ترقياتی کاموں کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب قبائلی عمائدین نے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جنرل کیانی سے مطالبہ کیا کہ پاک فوج علاقے پراپنا کنڑول قائم رکھے تاکہ امن وامان کی صورتحال برقراررہے۔
مزیدخبریں