لاہور (شعیب الدین + عدنان فاروق)٭ حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف نیلا گنبد کا یہ جلسہ لاہور کی تاریخ میں ہونے والے بڑے جلسوں میں ایک تھا۔ ٭ حمزہ شہباز شریف تقریر کرنے آئے تو لوگوں نے شیر آیا شیر آیا کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ٭ ملک پرویز حسن جن کے صدارت سنبھالتے ہی مسلم لیگ ن لاہور مزید فعال ہوگئی وہ اپنی تقریر میں جلسہ کو لاکھوں کا مجمع کہہ کر پکارتے رہے۔٭ حمزہ شہباز شریف کی تقریر کے دوران خواتین نے اپنی کرسیوں پرکھڑے ہو کر پرجوش نعرے لگائے۔ ٭ ریلی میں شریک سینکڑوں کارکنوں نے اپنے گلے میں بجلی کے بل، لالٹینیں اور سوکھے نان لٹکا رکھے تھے۔ بعض لوگ گدھوں اور گھوڑوں پرسوار ہو کر آئے۔ ٭ لوڈشیڈنگ کے ستائے لوگوں نے وفاقی حکمرانوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ ٭ مقررہ وقت (6 بجے) سے پہلے ہی شہر کے ہر کونے سے جلوسوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ ٭ مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بسوں، ویگنوں، کاروں، موٹر سائیکلوں کے جلوسوں کی قیادت کرکے نیلا گنبد پہنچے۔ ٭ نیلا گنبد سے شاہراہ قائداعظم تک لوگ کھڑے تھے۔ ٭ جلسہ شروع ہونے سے پہلے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم گیلانی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ ٭ جلسے کے شرکاءنے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ ٭ جلسہ گاہ میں صدر آصف زرداری کے پتلے مسلسل جلائے جاتے رہے۔ ٭ ڈبل کیبن گاڑی کے اوپر بیٹھا شیر جلسہ گاہ میں شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا۔ ٭ جلسہ شروع ہونے سے پہلے تلاوت قاری محمد علی نے کی نعت شریف حافظ مرغوب ہمدانی نے سنانے کی سعادت حاصل کی۔ ٭ مسلم لیگ (ن) کے کارکن شجاع بٹ ڈانس کرنیوالے گھوڑے کو لیکرآئے تھے جو ڈانس کرکے شرکاءکی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ٭ شرکاءکیلئے لال شربت اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔ ٭ جلسہ کے آغاز پر شرکاءنے آصف زرداری کے خلاف زوردار نعرے لگائے۔ ٭ زعیم قادری نے گو زرداری گو کے نعرے لگوا کر حمزہ شہباز کو خطاب کی دعوت دی۔ ٭ جلسہ گاہ کے عقب میں لگائے گئے بڑے پوسٹر پر نواز شریف، شہباز شریف کی تصاویر کے درمیان لکھا تھا ہماری منزل، خوددار، خوشحال، خودمختار پاکستان۔ ٭ جنگی ترانہ، آج دشمن کا تختہ الٹ جائے گا، سنایا جاتا رہا۔ ٭ خواجہ عمران نذیر نے کہا زرداری گیلانی دیکھ لو ہم آ رہے ہیں۔ ٭ سٹیج سے ملی نغمہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں بھی لگایا گیا۔ ٭ حمزہ شہباز کی تقریر کے بعد گو زرداری گو کا نعرہ دیر تک گونجتا رہا۔ ٭ حمزہ شہباز شریف نے تقریر کے اختتام پر پاکستان، مسلم لیگ، قائداعظم، نوازشریف اور شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگوائے۔ ٭ حمزہ شہباز نے شرکاءسے عہد لیا کہ پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ ٭ لاہور سے خاتون رکن اسمبلی نگہت شیخ خواتین کے جلوس کے ساتھ جلسہ گاہ میں تھیں۔ ٭ مسلم لیگ کی ڈاکٹر نبیلہ طارق بھی ساتھی خواتین ورکرز کے ساتھ جلسہ گاہ میں موجود تھیں۔