قائداعظمؒ کی رہائش گاہ پر حملہ قومی المیہ، قوم سوگوار ہے: لیاقت بلوچ

قائداعظمؒ کی رہائش گاہ پر حملہ قومی المیہ، قوم سوگوار ہے: لیاقت بلوچ

Jun 18, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ زیارت بلوچستان میں قائد اعظمؒ ریذیڈنسی کی تباہی قومی المیہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے ۔ طالبات اور ڈی سی کوئٹہ اور اہلکاروں کی شہادتیں المناک ہیں ۔ قائد اعظمؒ ریذیڈنسی پر حملہ محض تخریب کاری یا دہشتگردی نہیں بلکہ قائد اعظم ؒ سے پوری قوم کی محبت اور عقیدت کو زک پہنچائی گئی ہے ۔ یہ کاروائی کوئی محب وطن نہیں کرسکتا۔ ملک بھر میں دہشتگردی ، تخریب کاری کا ایک ہی ماسٹر مائنڈ ہے جو پاکستان کو ناکام اور لاغر ملک بنا کر خطہ میں بھارت کی تھانیداری قائم کرنا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ٹریولنگ ایجنسی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر معززین اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ میں نے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر صوبائی حکومت کومشورہ دیا تھاکہ وزیراعلیٰ تمام جماعتوں کا صوبائی سطح پر مشترکہ اجلاس بلائیں ۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحات طے کریں ۔ ایسے صوبائی ترجیحات چارٹر کی صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائے۔ بجٹ عوام ، ملازمین ، تاجر ، کسان اور صنعتکار دوست ثابت نہیں ہوا۔ تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ سرکاری ملازمین نے مسترد کردیا ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوامی شدید ردعمل سے پہلے غریب عوام کو ریلیف دے۔

مزیدخبریں