جمہوری حکومت کی حمایت جاری رہیگی....کیری کی نوازشریف کو یقین دہانی

جمہوری حکومت کی حمایت جاری رہیگی....کیری کی نوازشریف کو یقین دہانی

اسلام آباد (ایجنسیاں) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نوازشریف کو یقین دلایا ہے کہ امریکہ پاکستان میں نئی جمہوری حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا‘ توانائی بحران سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے کیلئے مدد کی جائیگی، امریکی وزیر خارجہ نے فون کرکے نوازشریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا‘ امریکی وزیر خارجہ سے بات چیت میں نواز شریف نے پاک امریکہ سٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے خطے میں دیرپا امن و استحکام اور پاک امریکہ باہمی تعلقات کی بہتری کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلائ‘ خطہ کی صورتحال اور خاص طور پر امریکی ڈرون حملوں سے طالبان سے امن کیلئے مجوزہ بات چیت کو پہنچنے والے نقصان پر پاکستان کے موقف سے کھل کر آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ امریکہ نئی جمہوری حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے قیام امن کیلئے کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی بجائے پاکستان کا ساتھ دے۔ وزیراعظم نے ڈرون حملوں کو پاکستان کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرے۔ علاوہ ازیں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل احسان الدین اوکلو، مصری کے صدر ڈاکٹر مرسی نے وزیراعظم نوازشریف کو تہنیتی پیغامات میں مبارکباد دی ہے۔ نوازشریف نے نومنتخب ایرانی صدر حسن روحانی کو مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں ارکان پارلیمنٹ کی بجٹ تجاویز سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے بجٹ تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک کا معاشی استحکام ہے۔
نوازشریف/ کیری

ای پیپر دی نیشن