خواجہ سعد رفیق کا بذریعہ ریل کار لاہور سے راولپنڈی تک سفر، مسافروں سے تجاویز حاصل کیں

خواجہ سعد رفیق کا بذریعہ ریل کار لاہور سے راولپنڈی تک سفر، مسافروں سے تجاویز حاصل کیں

لاہور + راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ٹرین کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی تک سفر کیا ‘ ڈومیلی کے مقام پر ٹرین کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جبکہ گوجرانوالہ پھاٹک پر موٹر سائیکل سوار ٹکرا گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ‘ وزیر ریلوے نے مختلف بوگیوں میں جا کر مسافروں سے آگاہی حاصل کی جس میں محکمے کے خلاف شکایات کے انبار لگ گئے ۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے وزیر ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ لاہور سے راولپنڈی تک بغیر پروٹوکول ریل کار کے ذریعے سفر کیا۔ خواجہ سعد رفیق دوران سفر مختلف مسافر بوگیوں میں گئے اور مسافروں سے مسائل بارے آگاہی اور بہتری کےلئے تجاویز حاصل کیں۔ اس موقع پر مسافروں نے محکمے کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے جس پر انہوں نے افسروں اور عملے کی سرزنش کی۔ وزیر ریلوے نے مختلف ریلوے سٹیشنوں پر اتر کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں لاہور سے روانگی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ پاکستان ریلوے میں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ پاکستان ریلوے کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان ریلوے کو مالی طور پر اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی اور اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائیگا۔ خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز کی اراضی پر سے تجاوزات کے خاتمے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پہلے سے بند کوئی پسنجر ٹرین نہیں چلائی جائے گی بلکہ ریلویز اب مال بردار گاڑیوں پر توجہ دے گا۔ ریلویز قومی آمدنی پر بوجھ بن چکا ہے صدیوں کے بیماروں کو فوری ٹھیک نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے ملک میں قائم بڑے ریلوے سٹیشنز کے دورے کریں گے تاکہ ریلوے کی بحالی کے لئے بہتر اقدامات کئے جا سکیں۔ تجاوزات کے حوالے کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ لاہور ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ DS لاہور رانا ابرار انور بھی تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے لاہور ریلوے سٹیشن پر ان کے وفاقی وزیر بننے پر خوشامدی بینروں کو اتارنے کا بھی حکم دیا۔ قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی ہدائت پر سی ڈی ایل ورکشاپ، لوکو شیڈ، الیکٹرک ، سٹیشن واشنگ لائن، گڈ سیک لائن، انجئیرنگ ،ڈی ایس آفس، برج، زونوں سے جلوسوں کی صورت میں ہزاروں مزدور ڈوثرنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان کی قیادت میں فلگ شگاف نعرے لگاتے ہوئے وفاقی وزیر کے استقبال کیلئے ریلوے سٹیشن راولپنڈی میں جمع ہوئے اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مزدوروں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی نمائندہ یونین سے مذاکرات کئے جائیں گے اور ان سے مل کر ریلوے کو بحرانوں سے نکالا جائے گا اور خراب کارکردگی کے حامل افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام الناس کی سہولیات اور ادارے کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائےگا اور ریلوے ٹریک کے اطراف میں قائم تجاوزات کےخلاف آئندہ ماہ سے ایک بڑا آپریشن شروع کریں گے اس مقصد کےلئے وزارت ریلوے میں ایک ”ایس او پی “بنایا جارہا ہے جس سے آپریشن کو موثر بنانے میں مدد ملے گی، افسران ٹھیک ہوں تو ریلوے کو درپیش آدھا بحران ختم ہوسکتا ہے۔ ریلوے ورکرز یونین کے ڈویژنل صدر مقبول حسین، سرپرست اعلیٰ چوہدری شبیر ،ناصر حسین ، شوکت خان جدون مبارک حسےن و دیگر نے راولپنڈی پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا اور پھول نچھاور کئے۔
سعد رفیق

ای پیپر دی نیشن