ملتان (خاتون رپورٹر) صوبائی اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بجٹ پر مختلف سیاسی جماعتوں کی خواتین نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے ممبر قومی اسمبلی شاہین شفیق نے نوائے وقت کو بتایا موجودہ حالات میں عوام دوست پالیسیوں پر مبنی بجٹ سے ثابت ہو گیا کہ میاں نوازشریف اور شہباز شریف حقیقی معنوں میں عوام کے خادم ہیں ن لیگ کی عہدیدار عذرا واجد علی اور مسز نسیم ملک نے کہا ہے مزدور کی ماہانہ تنخواہ میں اضافہ خوش آئند ہے آٹے پر 28 ارب کی سبسڈی سے عوام کو سستے داموں آٹا ملے گا بجٹ مثالی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے بجٹ کو عوام دوست بجٹ کہنے والے اس پر عمل درآمد بھی کرائیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں کئے گئے اعلانات کے ثمرات عوام تک بھی پہنچیں وگرنہ یہ غریب دشمن بجٹ ہو گا۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع ملتان کی صدر سحرش خان نے کہا ہے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی شہناز ماجد نے کہا ہے کہ بجٹ سے مایوسی ہوئی گھی اور چینی ہی سستی کر دیتے تو رمضان المبارک میں غریبوں کی دعائیں لیتے۔ امیروں نے ”امیر“ بجٹ بنایا ہے۔ غریب آدمی کا کوئی احساس نہیں کیا گیا۔