اسلام آباد، لندن (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف آج پورے ملک میں یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس نے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا اور نہتے کارکنوں اور عورتوں پر تشدد کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائشگاہ پر شب خون مارا گیا۔ لاہور کے واقعہ سے واضح ہو گیا جمہوریت کے اصل دشمن کون لوگ ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم نے ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند رکھنے کی اپیل واپس لے لی۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز اور تاجر اپنا کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھیں۔ فاروق ستار کا کہنا ٹرانسپورٹرز اور تاجروں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔