لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں تصادم کے موقع پر گلو بٹ گاڑیاں توڑتا رہا جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز اسے شاباش دیتے رہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گلوبٹ نے اپنے بازو پر پولیس کا بیج بھی لگا رکھا تھا اور ڈنڈوں سے گاڑیاں توڑتا رہا۔ ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر آئی جی پنجاب نے گلوبٹ کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تاہم اس کے باوجود اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ گلوبٹ پولیس کا ٹاؤٹ اور مسلم لیگی کارکن بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گلوبٹ کو شاباش دینے والے ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھی گلوبٹ کی طرف سے گاڑیاں توڑنے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔