راولپنڈی: گھر میں آتشزدگی، میاں بیوی 5 بچوں سمیت زندہ جل گئے

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ چکلالہ سکیم تھری میں ایک گھر میں ہولناک آتشزدگی سے میاں بیوی اپنے پانچ بچوں سمیت زندہ جل گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو علی الصبح 5 بج کر 6 منٹ پر ریسکیو 1122کو اطلاع ملی کہ مکان نمبر 185سٹریٹ نمبر 10چکلالہ سکیم تھری میں ہولناک آگ لگ گئی ہے جب ریسکیو ٹیمیں وہاں پہنچیں تو آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے رکھا تھا گھر کے نچلے پورشن میں رہائش پذیر شخص نے آگ لگنے پر اپنے گھر والوں کو بحفاظت باہر نکال لیا جبکہ بالائی پورشن میں رہائش پذیر 35 سالہ شوکت، اس کی بیوی 32 سالہ عائشہ اور ان کے پانچ بچے 14سالہ حسن، 10سالہ عمر شوکت، 8 سالہ محسن شوکت، 6سالہ عثمان شوکت، ساڑھے 4سالہ فاطمہ جھسلنے کے باعث دم توڑ گئے جس کی نعشیں نکال لی گئیں افسوسناک واقعہ پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ریسکیو 1122کے مطابق آتشزدگی کی وجہ بجلی کی لوز وائرنگ تھی جس سے شارٹ سرکٹ ہوا جبکہ ایس ایچ او تھانہ ائرپورٹ ستار خان نے بتایا کہ نچلے پورشن میں رہائش پذیر شخص نے آگ لگنے پر اپنے گھر والوں کو پہلے نکال لیا تھا جبکہ بالائی پورشن میں رہائش پذیر گھرانہ آتشزدگی میں لقمہ اجل بن گیا اس واقعہ کی مختلف تناظر سے تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ آن لائن اور آئی این پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے بتایا گھر میں آگ لگنے سے قبل فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی تھی۔ پولیس نے مزید تفتیش کے لئے گھر سے مختلف شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ آتشزدگی میںجاں بحق ہونے والے شوکت اشرف چیمہ کے سسر شیخ حمید کا کہنا تھا ان کی بیٹی عائشہ سے شوکت کی دوسری شادی تھی جبکہ شوکت کا اپنے بہنوئی انجم کے ساتھ جائیداد کا تنازع تھا۔ پولیس نے اس پہلو کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گھر میں آتشزدگی کے باعث ماں باپ اور ان کے 5 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور اگر تحقیقات کی روشنی میں امدادی سرگرمیوں کے اداروں کی غفلت سامنے آئی تو سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خصوصی نامہ نگار کے مطابق سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے خاندان کے سات افراد کے زندہ جل جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...