تاندلیانوالہ + فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) بھینس کے تنازعہ پر مشتعل افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائی، بھتیجے سمیت جاں بحق، داماد شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقہ چک نمبر429گ ۔ ب کھچی والا میں ہنجرا برادری کے ممتاز کانجڑ برادری کے سرور سے بھینس کا تنازع چلا آرہا تھا۔ ممتاز اپنے بھائی سرفراز، بھتیجے رب نواز اور داماد محمد نواز کے ہمراہ ملزم سرور کے گھر معاملہ حل کرنے گئے جہاں تلخ کلامی کے بعد سرور وغیرہ نے مشتعل ہوکر فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر پچاس سالہ ممتاز، اڑتالیس سالہ سرفراز اور ان کا بھتیجا رب نواز موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے داماد محمد نواز کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے فیصل آباد منتقل کردیا گیا، اطلاع ملتے ہی پورے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈی ایس پی تاندلیانوالہ اثر علی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مقتولین کی میتیں پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہسپتال منتقل کردیں جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔