ٹیکسلا+ پشاور+ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگاران) ٹیکسلا میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے بھاری مقدار میں بارود اور دیگر سامان برآمد کرلیا جبکہ پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 105 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا میں پولیس نے دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام بنادی ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 کلو بارود، 8 سو میٹر تاریں اور 40 ڈیٹونیٹرز برآمدکرلئے۔ کارروائی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونیوالے بارودی مواد کو بڑی دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا تاہم اس حوالے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔ ادھر پشاور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 105 مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا جن میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق فقیرآباد ٗ حیات آباد، تاتارا اور سربند کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ٗ لیڈیزپولیس اورسنیفرڈاگز کی مدد سے دو سو کے قریب گھروں کو چیک کیاگیا۔آپریشن کے دوران 16 افغان باشندوں سمیت 105 مشتبہ افرادکو حراست میں لیاگیا۔ افغان باشندے غیرقانونی طور پر مقیم تھے۔ مشتبہ افرادکے قبضہ سے 13 پستولیں، ایک شارٹ مشین گن اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنڈی بھٹیاں صدر پولیس نے بائیو میٹرک ڈیوائس کے ذریعے چیکنگ کے دوران پنڈ ی بھٹیاں انٹر چینج پر حافظ آباد سے اسلام آباد جاتے ہوئے ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے انسداد دہشت گردی کے ملزم محمد معاویہ صدیقی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مقدمہ نمبر33/11جرم 11EEتھانہ چوک اعظم ضلع لیہ میں اشتہاری تھا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران ایک افغان باشندہ جمعہ گل کو غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہونے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ٹیکسلا، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام: اسلام آباد، 105 مشتبہ افراد گرفتار
Jun 18, 2016