گوجرہ: پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا قتل، نعشیں نہر سے برآمد

Jun 18, 2016

گوجرہ (نامہ نگار) لو میرج کرنے والے جوڑے کو قتل کرکے نعشیں نہر میں پھینک دیں، جھنگ برانچ نہر سے نعشیں برآمد ہو گئیں۔ تفصیلا ت کے مطابق تھانہ ٹھیکری والاکے نواحی چک41 ج۔ ب کے رہائشی خوشی محمد کے 25 سالہ بیٹے ملک شکیل نے چار سال قبل چک 276ج۔ ب ڈنڈیانوالہ کے رہائشی محمد ارشاد کی 22 سالہ بیٹی اقصہ سے لو میرج کر لی تھی۔ اقصہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں بطور LHV تعینات تھی دوروز قبل دونوں میا ں بیوی گھر سے باہر گئے لیکن واپس نہ آئے جس پر شکیل کے گھر والوں نے بیٹے سے رابطہ نہ ہونے پر تھانہ ٹھیکری والا میں اغواء کا مقدمہ درج کروایا جس میں چک276ج۔ ب کے خاور، محسن علی، معاویہ، اسامہ، مجیداں بی بی اور چک80 ج ب کے خالد کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے گزشتہ روز تھا نہ سٹی گوجرہ کے علاقہ دھمابنگلہ کے قریب نہر جھنگ برانچ سے اقصہ کی نعش برآمد ہو گئی اور چند گھنٹوں بعد تھانہ نواں لاہور کے علاقہ نہر جھنگ برانچ سے ہی شکیل کی نعش برآمد ہی دونوں کو تشد داور سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ڈی ایس پی گوجرہ محمد ہارون اور انویسٹی گیشن انسپکٹر عنایت شاہ نے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر دونوں نعشیں تحویل میں لے ضروری کارروائی کیلئے اقصہ کی نعش سول ہسپتال گوجرہ اور شکیل کی نعش نواں لاہور ہسپتال پہنچا دی اقصہ کی نعش شناخت نہ ہونے پر گوجرہ کبوترنوالہ قبرستان میں امانتاً سپرد خاک کر دی گئی اور چند گھنٹوں بعد شکیل کی نعش ملنے پر معاملہ حل ہو گیا اور اقصہ کی بھی شناخت ہو گئی پولیس مصروف کاروائی ہے مقتول شکیل کے ورثا قتل کا شبہ اقصہ کے گھر والوں پر کر رہے ہیں۔
بورے والا (نامہ نگار) پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے والد اور بھائیوں نے نوجوان کو چھریوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی آبادی اشرف ٹائون کے رہائشی محنت کش نوجوان ملک ارشاد احمد نے ایک سال قبل محلہ مدینہ کالونی گلی نمبر 8کے رہائشی ریاض کی بیٹی سے پسند کی شادی کر لی تھی جس کا لڑکی کے والد اور بھائیوں کو شدید رنج تھا۔ اسی بناپر لڑکی کے گھر والوں کو غصہ تھا اور گزشتہ روز ملک ارشاد ملتان روڈ پر پیدل شہر کی جانب جا رہا تھا اسی اثناء میں ریاض گڈو اپنے بیٹوں اور سالے کے ہمراہ آگئے اور اُسے مین روڈ پر چھریوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ تھانہ ماڈل ٹائون پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور کارروائی شروع کر دی۔

مزیدخبریں