واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے ثالثی کے بجائے چاہتے ہیں پاکستان اور افغانستان طورخم بارڈر پر خود کشیدگی ختم کریں، دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے اختلافات ختم کرسکتے ہیں اور ایسا ماضی میں بھی ہوا ہے۔ ہمیں بارڈر پر اور خاص طور پر طورخم کراسنگ پر جھڑپوں پر بہت تشویش ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاک افغان سرحد پر جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے افغان حکومت کی سربراہی میں مفاہمت کا عمل ٹھیک تھا اور ہم چاہتے ہیں افغان صدر یہ عمل بحال کریں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ بارڈر پر ایسے واقعات ہوں۔ ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ طورخم سرحد پر پہلے بلااشتعال فائرنگ افغان سکیورٹی فورسز نے کی تھی۔