کراچی ( اسٹاف رپورٹر)انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو پہلی بار پاکستان میں بھی اختیار کیا جائے گا اور پائلٹ پراجیکٹ کے تحتپاکستان میں اگلے ماہ پہلی بار بائیومیٹرک بنیادوں پر تصدیق کے حامل انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سیکور ٹی کنسلٹنسی پرائیویٹ لمیٹڈ نے 100 بائیومیٹرک ویری فکیشن ڈیوائسز بھی فراہم کردی ہیں جو پہلی بار حلقہ PS-114 میں 9 جولائی 2017ئ کو استعمال کی جائیں گی۔سیکور ٹیک کے ترجمان نے کہا کہ اس نظام کے تحت ہر ووٹر کی شناخت انتخابی فہرست کے مطابق کی جائے گی۔ پاکستان تیزی سے ترقی کررہا ہے اور الیکٹرونک ووٹنگ اس ترقی کا ایک اہم حصہ ہے اسی لیے یہ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے۔ای سی پی میں ذرائع کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کے لیے یہ ایک بڑی پیش رفت ہے اور اس عمل سے انتخابات میں شفافیت یقینی ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے والے فرد کی شناخت کی تصدیق کے بعد روایتی طریقے اور الیکٹرانک دونوں طرح ووٹ ڈالنے کی اجازت سے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی ہوگی۔ الیکٹرونک انتخابات سے سیاسی پارٹیوں کی انتخابی عمل سے پہلے اور بعد میں جعلی ووٹنگ کی شکایات کا بھی ازالہ ممکن ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی آبادی 20 کروڑ کے قریب ہے اور نادرا کے نیشنل ڈیٹا بیس کی وجہ سے پاکستان ہر ووٹر کی بائیومیٹرک تصدیق کرسکے گا۔ یہ توقع بھی ہے اگر ایک بار یہ نظام کامیابی کے ساتھ ملک بھر میں نافذ العمل ہوجاتا ہے تو پھر یقینی طور پر انتخابات میں غیرشفافیت کے مسائل ختم ہوجائیں گے۔حلقہ PS-114 ایک حساس اور اہم انتخابی حلقہ شمار ہوتا ہے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے عرفان اللہ مروت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم، جولائی 2014ء میں الیکشن ٹریبونل نے جعلی ووٹنگ کے الزامات کی بنیاد پر انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ رواں برس 11 مئی کو سپریم کورٹ نے حلقہ PS-114 میں دوبارہ پولنگ کے احکامات دیئے اور عرفان اللہ خان کی ٹریبونل کے فیصلے کی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس سیٹ کو خالی قرار دیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب کیلئے امیدواروں کی حتمی لسٹ جاری کردی ہے ، تین امیدواروں نے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے، اصل مقابلہ پیپلزپارٹی، ایم کیوایم، مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف میں ہوگا، ضمنی انتخاب 9جولائی کو منعقد ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114میں ضمنی انتخاب کے انعقاد کیلئے حتمی لسٹ جاری کردی ہے جس میں ایم کیوایم کے کامران ٹیسوری، پیپلزپارٹی کے سعید غنی، مسلم لیگ(ن) کے علی اکبر گجر ، تحریک انصاف کے نجیب ہارون سمیت 27امیدوار شامل ہیں، مسلم لیگ(ن) کے زاہد شاہ میر اور دیگر دو آزاد امیدوار انتخابی مقابلے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔