اسلام آباد ( جاوید صدیق) پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گزشتہ روز جے آئی ٹی کے سامنے ساڑھے تین گھنٹے کی پیشی کے دوران کئی سوالات کے جوابات دئیے۔ اس بارے میں قطعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ان سے حدیبیہ کیس کے بارے میں استفسارات کئے گئے۔ تاہم شہبازشریف جب جوڈیشل اکیڈمی میں پیشی بھگت کر باہر آئے تو وہاں انہوں نے شریف خاندان کا موثر طور پر دفاع کیا۔ اپنے مخصوص انداز میں سیاہ رنگ کا ہیٹ پہنے ہوئے پنجاب کے وزیراعلی نے شریف خاندان کے احتساب کے حوالے سے سیاسی مخالفین پر تابڑ توڑ حملے کئے وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے بات چیت میں تنقید کا ہدف اپنی پرانی حریف جماعت پیپلزپارٹی کو بنایا۔