انجلینا جولی کی عید پرعراق کے شہر موصل کے پناہ گزینوں سے ملاقات، خواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی

Jun 18, 2018 | 12:26

ویب ڈیسک

موصل: اقوام متحدہ کی پناہ گزین کی خصوصی ایلچی انجلینا جولی نے عراق میں دہشت گردی سے سب سے متاثرہ علاقے موصل کا دورہ کیا اور عالمی برادری سے تباہ حال شہر کے بے گھر رہائشیوں کی دوبارہ اپنے گھروں میں آبادکاری کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف فلم اسٹار انجلینا جولی جو اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی برائے پناہ گزین بھی ہیں نے ہفتے کو عراق کے شہر موصل کا دورہ کیا۔ موصل دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا عراقی شہر ہے جسے عراق اور اتحادی فوجوں نے گزشتہ برس داعش کے تین سالہ قبضے سے گھمسان کی جنگ کے بعد واگزار کروایا تھا۔ تاہم اس دوران جنگ کے باعث لاکھوں خاندان بے گھر ہوگئے اور تقریباً تمام ہی گھر بمباری کے نذر ہو گئے تھے۔دورے کے دوران ہالی وڈ کی معروف اداکارہ نے موصل کی گلیوں میں پیدل سفر کیا اور پناہ گزینوں کے کیمپ میں خواتین اور بچوں سے خصوصی ملاقاتیں کیں وہ بچوں میں گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ مختلف کھیل کھیلے جب کہ خواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔ پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لوگوں نے معروف اداکارہ کو اپنے درمیان موجود پاکر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 2012 میں ہالی وڈ کی معروف ہیروئن انجلینا جولی کو انسانیت کے لیے خدمات انجام دینے پر اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے انجلینا جولی کو پناہ گزین کے لیے خصوصی ایلچی تعینات کیا تھا۔ اس سے قبل انجلینا جولی نے پناہ گزینوں کے لیے سفیر کی خدمات بھی انجام دی تھیں۔

مزیدخبریں