نئی نسل قائداعظمؒ ،علامہ اقبالؒ اورمادرملتؒ کی حیات وخدمات کابغورمطالعہ کرے

Jun 18, 2019

لاہور ((نیوزرپورٹر) علم سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہے۔نئی نسل قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملتؒ کی حیات وخدمات کا بغور مطالعہ کرے اور ان مشاہیر کی پیروی میں جہد مسلسل کواپنا شعار بنائے ۔ یہ ملک ہم سب کا گھر ہے اور ہم نے ملکر اسے سنوارنا ہے ۔ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمرسکول کے 19ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چوتھے روز طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرممتاز صحافی و دانشور عطاء الرحمن ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید اور پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے ۔پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ ‘ قومی ترانہ اور کلام اقبالؒ پیش کیا۔ پروفیسر عطاء الرحمن نے کہا کہ یہاں موجود بچوں کے کِھلے ہوئے چہرے دیکھ کر مجھ میں بھی زندگی کی رمق دوڑ گئی ہے ۔نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے ۔ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ قلبی، روحانی اور خونی رشتوں سے بھی بڑھ کر نظریاتی تعلق سب سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔اس نظریاتی ادارہ کے ذریعے نئی نسل کو دوقومی نظریہ، تحریک پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکارونظریات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے اور سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزیدخبریں