بھارتی ریاست بہار میں زہریلی لیچی کھانے سے بچوں کی ہلاکتیں 100 ہو گئیں

Jun 18, 2019

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست بہار میں ممکنہ طور پر لیچی کھانے سے ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے والے ہلاک بچوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں مبینہ طور پر لیچی کھانے سے بچے ذہنی بیماری کا شکار ہونے کے بعد موت کے منہ میں جا رہے ہیں اور مقامی طور پر اس بیماری کو ’چمکی بخار‘ کہا جا رہا ہے۔ ابتدا میں بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے کے مطابق چمکی بخار مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 57 تھی۔ بعدازاں بہار اور مظفر گڑھ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج بچوں کی مزید اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ غیر سرکاری اعداد کے مطابق ذہنی بیماری سے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 100 کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں کچھ بچوں کی موت ان کے گائوں میں ہوئی جو رپورٹ نہ ہو سکیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لیچی میں زہریلا مواد بچوں کی موت کا سبب ہو سکتا ہے جب کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچوں میں یہ بیماری موسم گرما میں لیچی کے سیزن میں پھیلتی ہے۔ بھارتی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ دماغ کی سوزش کی بیمارے میں مبتلا فرد کا بلڈ شوگر اچانک گر جاتا ہے جس سے موقت واقعہ ہوتی ہے۔ مظفر گڑھ اور ہمسایہ ریاستوںمیں گرمیوں کے مسوس میں یہ بیماری 1995ء سے سامنے آ رہی ہے جسے مقامی زبان میں ’چمکی‘ بخار بھی کہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2014 ء میں بھی بھارتی ریاست بہار میں اسی بیماری سے 150 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

مزیدخبریں