شاہ محمود کا امریکی وزیرخارجہ کو فون ، افغان امن عمل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

Jun 18, 2019

لندن (این این آئی)پاکستان اور امریکہ نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ پیر کو لندن میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات ، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کیطرف سے کئے گئے اہم اقدامات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاک امریکہ باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کے داخلی کنٹرول کو بہتر بنایا گیا ہے ۔اس موقع پر افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی گفتگو ہوئی۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانیہ کے ہوم سیکرٹری ساجد جاوید سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی تعاون، ، منظم جرائم کی بیخ کنی، منی لانڈرنگ کی روک تھام ،غیر قانونی منتقلی و دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری ہوم برطانیہ کا منصب سنبھالنے پر ساجد جاوید کو مبارکباد پیش کی۔فریقین نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے تکنیکی امور میں معاونت ، سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی معاونت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں