سرینگر، نئی دہلی (آئی این پی+ این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے حملے میں بھارتی فوج کا میجر راہول ورما ہلاک جبکہ میجر سیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ پیر کو مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے علاقے آچبال میں جھڑپ ہوئی۔ سکیورٹی فورسز نے صبح کے وقت علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ ریسکیو ادارے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سری نگر میں واقع بھارتی فوج کے 92 بیس آرمی ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ ضلع کلگام، پلوامہ، شوپیاں اور بانڈی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔ ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع اسلام آباد میں دو اور نوجوانوںکو شہید کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوںکو ضلع کے علاقے بڈورہ اچھہ بل میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ایک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ علاقے میں فوجی کارروائی جاری ہے۔ ادھر ضلع کولگام کے علاقے کیموہ میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے خلاف احتجاج کیلئے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ بھارتی فوجیوںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ تاہم آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میںجھڑپیں جاری تھیں۔ دریںاثناء بھارتی فوجیوںنے پیرا ملٹری فورسز اور سپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروںکے ہمراہ پلوامہ ، شوپیاںاور بانڈی پورہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کپواڑہ ڈسٹرکٹ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی رہنما دانش مشتاق اور دیگر کشمیری نظربندوںکی گرتی ہوئی صحت اور جیل انتظامیہ کی طرف سے انکے ساتھ روارکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی ہے ۔ ادھر میں حریت رہنما مشتاق الاسلام نے حال ہی میں اسلام آباد اور ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ نو جوان ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کررہے ہیں۔ مشتاق الاسلام نے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا انمول اثاثہ ہیں۔