لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ورلڈکپ میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ایک احمق کپتان قرار دے دیا۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ہی آدھا میچ جیت لیا تھا لیکن انہوں نے احمقانہ کپتانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دے دی۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سرفراز احمد یہ میچ جیتنا ہی نہیں چاہتے، وہ میچ کے دوران بالکل 'ریلو کٹے' کی طرح میدان میں نظر آئے۔اسپیڈ اسٹار نے باؤلنگ کے شعبے میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حسن علی سمیت اچھی باؤلنگ کرنے والے محمد عامر پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ حسن علی کو واہگہ بارڈر کے بجائے میدان میں جان مارنے کی ضرورت ہے، بارڈر پر ایسی چھلانگیں تب ہی اچھی لگتی ہیں جب آپ میچ میں 7 آؤٹ کریں۔شعیب اختر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حسن علی نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ انہوں نے صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنا ہے تاکہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں معاہدے ملتے جائیں۔محمد عامر کے حوالے سے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ان کی یہ وکٹیں پاکستان کے لیے کار آمد نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے ایسے وقت میں وکٹیں حاصل کیں جبکہ حریف ٹیم 300 رنز کے قریب پہنچ چکی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ محمد عامر ٹیم کو میچ جتوانے والی پرفارمنس دے۔شعیب اختر نے ٹاس کے حوالے سے کہا کہ اگر پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتا اور 300 رنز بن جاتے تو پھر میں بھی دیکھتا کہ بھارت کس طرح ہدف حاصل کرتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمین نے بھارت کے غیر ریگولر باؤلرز کو آسانی کے ساتھ اوورز نکالنے دیے