مانچسٹر(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 5اوورز میں 136رنز بنانے کا ہدف پاکستان کو دینے کے فیصلے کادفاع کرتے ہوئے کہا کہ میچ شروع کر کے ٹیم پاکستان کو رن ریٹ بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ کا اختتام ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا، بارش کی وجہ سے جب کھیل رکا تو اس وقت پاکستان نے 35اوورز میں 6وکٹوں پر 166رنز بنائے تھے۔اگر اس وقت میچ ختم قرار دے دیا جاتا تو پاکستان ٹیم ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 86 رنز سے ہار جاتی ، تاہم بارش تھمتے ہی امپائرز نے میچ شروع کرنے کا اعلان کیا اورپاکستان کو 5 اوورز میں 136 رنز کا ہدف ملا۔سسٹم کے تحت ریوائز ٹارگٹ 40 اوورز میں 302 رنز کا رہا یعنی ایک اوور میں 28رنز کی اوسط درکار تھی جس پر ماہرین نے کڑی تنقید کی۔اس تنقید کے جواب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ٹاپ فور میں آنے کے لیے رن ریٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے، میچ کو ختم کر دینا ایک اچھا فیصلہ نہ ہوتا۔آئی سی سی کے مطابق میچ شروع کر کے ہم نے پاکستان کو رن ریٹ بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا اور ریوائز ٹارگٹ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت سے ہی دیا۔
پاکستان کو رن ریٹ بہتر بنانے کا موقع دیا، آئی سی سی
Jun 18, 2019