صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چین تعلقات کو تمام شعبہ جات میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گراﺅنڈ فورس کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو کو ”نشان امتیاز“( عسکری) عطاءکیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں جنرل ہان ویگیو نے صدرمملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ہان ویگیو کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو تمام شعبہ جات میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین سدا بہار اور آزمودہ دوست ہیں اورپاکستان چین کو”آئرن برادر“ تصور کرتا ہے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی میں پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اقتصادی روابط خطے میں امن واستحکام کے قیام کےلئے ناگزیر ہیں.