اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چینی حکومت کی جانب سے عالمی وباء سے نمٹنے میں مدد کے طور پر پاکستان کو نوول کرونا وائرس کیخلاف استعمال ہونے والی طبی اشیا کی چھٹی کھیپ اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔ یہ مکمل کھیپ چین کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے عطیہ کی گئی ہے۔ عطیہ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پاکستان کو فوری طور پر ضروری طبی اشیا فراہم کرنے پر چین کی حکومت اور اس کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔افضل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات ہیں اور جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آئے گاچین مدد کیلئے ہاتھ آگے بڑھائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام چین کی حکومت کی جانب سے اس مدد کی تعریف کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری دوستی مستقبل میں مزید گہری ہو گی۔چین کے پاکستان میں سفیر یائوجنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست اور شراکت دار ہیں جو کہ مشکل حالات اور خطرات میں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔