بین الافغان مذاکرات کے حامی، پرامن خوشحال افغانستان چاہتے ہیں: سراج الحق

Jun 18, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے پاکستان میں افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے اسلام آباد میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر امریکہ کا افغانستان سے جانا طے ہوگیا ہے تو یہ صدی کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔ خطے سے امریکی افواج کا انخلا افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا میں امن کیلئے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابل میں ہندوستان کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے کیلئے نقصان دہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کابل کی مسجد اور ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور افغان سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی طبیعت کافی ناساز ہے۔ قوم ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کا سایہ تا دیر قائم رکھے۔

مزیدخبریں