کراچی (کامرس رپورٹر )آل پاکستان لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ایسوسی ایشن (اپیلڈا) نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحٰی سے قبل ملک بھر میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی جائے ۔اپیلڈا کی کور کمیٹی نے منگل کواپنے ایک اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ غریب کسان سال بھر مویشی پالتے ہیں تاکہ عید کے موقع پر شہروں میں لگی مویشی منڈیوں میں اپنے جانور بیچ کر اپنا گزر بسر کر سکیں۔ اس کے ساتھ قربانی کرنے والوں کو بھی مویشی منڈیوں میں مناسب قیمت پر اپنی پسند کے جانور مل جاتے ہیں لہٰذا مویشی منڈیوں کے اہتمام کرنے کا بروقت فیصلہ انتہائی ضروری ہے۔ اپلڈا کی کور کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ جیسے دیگر کاروبار ایس او پیز کے تحت کھول دیے گئے ہیں اسی طرح مویشی منڈیوں کیلئے بھی مؤثر ایس او پیز بنا کر ملک بھر میں مویشی منڈیوں کی اجازت دی جائے۔ اپلڈا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ معاشرتی دوری ( سوشل ڈسٹنسنگ) کے اصولوں کے تحت تمام عملی منصوبہ بندی میں حکومت کا ساتھ دے گی۔ اپلڈا نے کرونا کی وبا کو روکنے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومتوںکی کاوشوں کو بھی سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کی پیشکش کی۔