کراچی(کامرس رپورٹر) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایات پر آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے ڈائریکٹر جنرل نعیم مغل نے ایم ڈی سائٹ حیدرآباد, چیف انجینئر کمبائنڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری اور کوٹری کی صنعتی انجمن کے علاوہ نوری آباد کی کچھ صنعتوں کی انتظامیہ کو حیدرآباد میں واقع سیپا کے علاقائی دفتر میں طلب کیا اور ماحولیاتی فرائض کی بجا آواری میں غفلت برتنے پر ان سے باز پرس کی ڈی جی سیپا نے ایم ڈی سائٹ اور چیف انجینئر کمبائنڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے صنعتی فضلے کو کے بی فیڈر میں بہانے سے قبل اسے لازمی ٹریٹ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ ٹریٹمنٹ کے مراحل میں پائے گئے نقائص دور کرنے کے لیے فوری اقدامات لیے جائیں۔ کوٹری کی صنعتی انجمن کے نمائندوں کو ڈی جی سیپا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی تمام صنعتوں کا فضلہ سندھ کے قومی ماحولیاتی معیار کے تقاضوں کے مطابق ٹریٹ کرکے بہایا جائے بصورت دیگر خلاف ورزی کی مرتکب صنعتوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈی جی نعیم مغل نے نوری آباد کی صنعتوں کے انتظامی نمائندوں کی علیحدہ علیحدہ ذاتی شنوائی کے موقع پر نوری آباد میں آلودگی بدستور جاری رہنے کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور صنعتوں کی انتظامیہ کو اپنے ماحولیاتی معمولات بہتر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی ترقی دونوں لازم و ملزوم مراحل ہیں جس کے بغیر پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں ۔