کراچی(اسٹاف رپورٹر) کرغزستان کے شہربشکک سے پھنسے ہوئے 142 پاکستانی طالبعلموں کی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپسی کے ساتھ ہی خصوصی فضائی آپریشن کے ذریعے مسافروں کو گھروں پر پہنچانے کی تعداد غیر معمولی طور پر ایک لاکھ سے زائد تجاوز کرگئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فضائی آپریشن ہے جس کے ذریعے مسافروں کو وطن واپس پہنچایا گیا ہے۔ مارچ2020 میں فضائی آپریشن کی معطلی کے بعد ہزاروں پاکستانی بیرون ملک پھنس گئے تھے اور بین الاقوامی معاشی حالات کے پیش نظر جدید انسانی تاریخ کا سب سے بڑا بحران پیدا ہوا جہاں لوگوں کی ملازمتیں جانے اور ویزے منسوخ ہونے کے باعث دباو بہت بڑھ گیا تھا۔ ابھی بھی متاثرہ ملکوں میں سب سے زیادہ خلیجی اور وسط ایشیائی ممالک شامل ہیں جہاں پر پاکستانیوں کہ ایک کثیر تعداد وطن واپس آنے کی منتظر ہے۔ تاہم ملک میں کرونا کی سو فیصد سکرینگ کی صلاحیت کے بیش نظر محدود کوٹوں کی صورت میں ان کی وطن واپسی ممکن ہوئی جس کی وجہ سے رش بہت زیادہ بڑھ گیا تھا۔ البتہ اب پہلے کی بنسبت حکومت نے سہولتوں میں خاطر خواہ اضافہ کردیا ہے اور پاکستان پہنچنے والے مسافروں کے لئے پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے زیادہ تر پروازوں پر محدود مسافر لانے کی اجازت تھی جبکہ اکثر طیارے یک طرفہ خالی پرواز کرتے تھے جس کی وجہ سے دیگر ائر لائنوں کے لئے فضائی آپریشن کے اخراجات بہت زیادہ ہونے کے باعث آپریشن جاری رکھنا مشکل تھا۔ اس لئے حکومت پاکستان نے پی آئی اے کو یہ اہم ذمہ داری سونپی تاکہ وہ اس قومی فریضہ کو بغیر کسی دیگر مقصد کر سر انجام دے سکے۔ یہ معاملہ اس لحاظ سے بھی ضروری تھا کہ سینکڑوں پاکستانی یورپ اور مشرق بعید کی ائیرپورٹس پر پھنسے ہوئے تھے اور بہت سارے جسد خاکی وطن واپسی کے منتظر تھے۔ 4 اپریل سے15 جون تک 72 دنوں میں پی آئی اے نے 715 پروازوں کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ مسافروں کو ان کے گھروں تک پہنچایا۔ اس سے پہلے کبھی اتنی کثیر تعداد میں پاکستانیوں کو اپنے گھروں تک نہیں پہنچایا گیا۔ یہ پی آئی اے کی تاریخ کا ایک بڑا موقع تھا۔ پی آئی اے کے قومی پرچم بردار طیارے دنیا کے مختلف ممالک کے نئے مقامات کے لئے اڑان بھرتے رہے جن میں امریکہ کی براہ راست پروازوں کے علاوہ آسٹریلیائ، افریقہ، مشرق بعید اور وسطی ایشیائی ممالک کے لئے بھی براہ راست پروازیں چلائی گئیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں جہازوں میں دلچپسی رکھنے والے افراد پی آئی اے کے طیاروں کے دنیا کے مختلف ائرپورٹس پر پہلی دفعہ اترنے کے لمحات کی عکس بندی کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے جن کو شائقین کی ایک کثیر تعداد نے قومی جوش و ولولے کے ساتھ نے سراہا۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے احکامات کے تحت پی آئی اے کا خصوصی فضائی آپریشن جاری رہے گا جب تک اس کی ضرورت ہو گی اور بیرون ملک پھنسے ہوئے تمام ہم وطن واپس پاکستان نہیں پہنچ جاتے۔
پی آئی اے نے ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا
Jun 18, 2020