اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کور کمانڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ نیز کشمیر کی نہتی شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور دہشت گرد تنظیموں کیلئے بھارت کی کھلی مدد کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈروں کی کانفرنس گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ شرکاء کو قومی اور علاقائی سلامتی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کانفرس نے ملک بھر میں تشدد کے واقعات میں رونماء ہونے والی مسلسل کمی، اور افغان امن عمل کے ملک کی مغربی سرحد پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حالات کو معمول پر لانے کے عمل کی قومی اداروں کے ذریعہ معاونت جاری رکھی جائے گی۔ کور کمانڈرز نے بھارت کی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ نیزکشمیر میں نہتی شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور دہشت گرد تنظیموں کیلئے بھارت کی کھلی مدد کو بھی بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔ شرکاء کانفرنس نے ’’کووڈ۔19‘‘ کی وبا، ٹڈی دل کے انسداد اور پولیو مہم کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون اور دستیاب وسائل کے اندر، اس تعاون کو مزید بہتر بنانے کا جائزہ لیا۔ اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ ’’کووڈ۔19 ‘‘ کا اسی وقت ایک مکمل قومی اپروچ کے ذریعہ مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ہر فرد اس وباء سے بچاؤ کی کامیابی کیلئے بنیادی طریقہ کار اور ڈسپلن پر عمل پیرا ہو گا۔