اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے’’پاکستان مینٹینینس آف ایسینشل سروسز ایکٹ 1952‘‘ کا اطلاق کر دیا گیا ہے، یہ ایکٹ11 جون سے نافذ العمل ہے۔ یہ ایکٹ ہر اس وفاقی ادارے کیلئے ہے جس کا کام عوام کو قدرتی آفات اور ہنگامی میں ضروری خدمات فراہم کرنا ہوتا ہے۔ وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ضروری خدمات کی بحالی کا ایکٹ برائے فوڈ سیکورٹی اور معاشرتی زندگی کی بہتری کیلئے لاگو کیا گیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت کارپوریشن کے تمام آپریشنز کسی بھی قدرتی آفت، ایمرجنسی یا وبائی مرض کے پھیلاؤ کے ایام میں مکمل طور پر کھلے رہیں گے اور کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں عوام کی خدمت میں مصروف عمل رہیں گے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں اس ایکٹ کو لاگو کرنے کا مقصد کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کی صورت میں لاک ڈائون کے دوران پاکستانی شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے ذریعے معاشرتی زندگی میں بہتری لانا اور کسی بھی وبائی صورتحال میں فوڈ سیکورٹی مہیا کرنا ہے۔ یاد رہے اس ایکٹ کا دورانیہ 6 ماہ کیلئے ہو گا جو بعد میں حکومتی منظوری سے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔