اسلام آباد( نوائے وقت نیوز)چینی حکومت کی جانب سے عالمی وبا ء سے نمٹنے میں مدد کے طور پر پاکستان کو نوول کرونا وائرس کیخلاف استعمال ہونے والی طبی اشیا کی چھٹی کھیپ اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔ یہ مکمل کھیپ چین کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے عطیہ کی گئی ہے۔عطیہ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پاکستان کو فوری طور پر ضروری طبی اشیا فراہم کرنے پر چین کی حکومت اور اس کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔افضل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات ہیں اور جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آئے گاچین مدد کیلئے ہاتھ آگے بڑھائے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام چین کی حکومت کی جانب سے اس مدد کی تعریف کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری دوستی مستقبل میں مزید گہری ہو گی۔چین کے پاکستان میں سفیر یائوجنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست اور شراکت دار ہیں جو کہ مشکل حالات اور خطرات میں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔یا نے کہا کہ جب سے پاکستان میں مرض آیا ہے چین نے طبی اشیا کی کھیپوں اور طبی ماہرین کی ٹیمیں بھیجنے سمیت کئی عملی اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ بیماری کو ختم کرنے کیلئے پاکستان کی صلاحیت کو بڑھایا جاسکے اور یہ کہ عالمی وبا ء سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے سے دونوں ممالک کے مابین دوستی مزید گہری ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بیماری کا پھیلا ؤروکنے کیلئے تاحال مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور چین بیماری سے نمٹنے اور معاشی ترقی بحال کرنے کیلئے پاکستان کی مدد جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے مطابق نوول کرونا وائرس کیخلاف استعمال ہونے والی طبی اشیا کی چھٹی کھیپ اب تک عطیہ کی گئی کھیپوں میں سے سب سے بڑی ہے جس میں 68ٹن وزنی طبی اشیا شامل ہیں جس میں ٹیسٹ کٹس، حفاظتی کپڑے، این95ماسکس اور حفاظتی عینکیں شامل ہیں۔
چین نے نوول کرونا کیخلاف طبی اشیاء کی چھٹی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
Jun 18, 2020