لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کوروناکاپھیلاؤ کم کرنے کیلئے عوام کا بھرپور تعاون بےحد ضروری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ کم کرنےکیلئےعوام کا بھرپور تعاون بےحد ضروری ہے ۔ کورونا سے متاثرہ علاقوں کوسیل کردیا گیا ہے اور کورونا کیسز ختم ہونے پر سیل شدہ علاقوں کو کھول دیا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ ماسک اورسماجی فاصلہ اپنانے سے کورونا سے بچاؤممکن ہوگا۔عوام ماسک پہنیں اورسماجی فاصلے کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا سے متاثرہ 58 علاقوں کو سیل کیا گیا ہے ۔ لاہور میں اسلام پورہ،ابدالی روڈ، یوسف روڈ، جوہرٹاؤن، کینال ویو، واپڈاٹاؤن، جلوموڑ، کیولری گراؤنڈ کےعلاقے سیل کر دیے گئے ۔
دوسری جانب اسلام آباد میں سیکٹر آئی ایٹ،آئی تھری،آئی فور اورجی نائن سیکٹر کے علاقے جی نائن ٹو اور تھری کو آج رات سیل کیاجائےگا۔ فیصل آباد میں پہلےمرحلے میں17علاقوں میں آج رات سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگاجبکہ پشاور کی یوسی آسیہ،شنواری ٹاؤن،سیکٹر ایف تھری،فیز فائیو، حیات آباد سمیت 7علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ گوجرانوالہ کے 6 علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے کورونا سے متاثرہ علاقوں کو 30 جون تک سیل کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث مزید 118 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ۔جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد3093 ہوگئی ،جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 118 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا کا پھیلاؤ کم کرنےکیلئےعوام کا تعاون بےحد ضروری ہے: عثمان بزدار
Jun 18, 2020 | 11:52