فیصل آباد اور ملتان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، متعدد علاقے سیل

Jun 18, 2020 | 13:26

ویب ڈیسک

کورونا وائرس کے باعث ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان اور فیصل آباد میں بھی دوبارہ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا ہے، دفعہ 144 کے تحت مختلف علاقوں میں 13روز کیلئے لاک ڈاؤن کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں گزشتہ رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق لاک ڈاؤن ملتان کے علاقوں شاہ رکنِ عالم کالونی کے ایچ اور ڈی بلاک میں نافذ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ نیو ملتان کالونی کے وی اور وائی بلاک اور ایم ڈی اے چوک کے نزدیکی علاقے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر سیل کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب فیصل آباد میں بھی 13 دنوں کے لئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد کے25 رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں 30 جون رات 9 بجے تک لاک ڈاؤن ہوگا۔

فیصل آباد میں لگائے گئےاسمارٹ لاک ڈاؤن میں 25علاقوں کو سیل کیا گیا، ڈی سی آفس کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں کورونا کے50سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، گھنٹہ گھر کے8بازار اور اس کے نواحی علاقے لاک ڈاؤن میں شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنرآفس کے مطابق جھال مارکیٹ، وارث پورہ گول، ڈی ٹائپ کالونی، علامہ اقبال کالونی کے رہائشی و کاروباری علاقوں رضا آباد، سمن آباد، منصورآباد، ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا، رضا گارڈن، عبداللہ گارڈن، النجف کالونی ایڈن گارڈن میں لاک ڈاؤن ہوگا۔

اس کے علاوہ صدربازار، مدینہ چوک اور ای بلاک غلام محمدآباد، مسلم ٹاؤن نمبر ایک اور بی بلاک، ڈجکوٹ میں کاروباری علاقے بند ، کارخانہ بازار،انارکلی بازار،جمیل مارکیٹ، سدھار میں مین بازار دھاندرہ اور مسجد والا بازاربند کردیا گیا۔

ڈی سی آفس کے مطابق مین بازار پینسرہ اور بھوآنہ روڈ کو بھی بند کردیا گیا ہے، امین پور بنگلہ میں مین بازار کے کاروباری علاقے، جڑانوالا میں پاکستانی گیٹ سے عبداللہ سویٹ چوک، گردوارہ بازار نیابازار، لاہورروڈ جڑانوالا سے نیا بازار تک تمام علاقے بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ کھرڑیانوالا میں مین بازار، سلطان مارکیٹ ،نیو شاپنگ سینٹر، مین بازار مکوآنہ، تاندلیانوالا میں نیابازار،انارکلی بازار، مین بازار چک جھمرہ، سمندری میں کچہری بازار کے علاوہ نہربازار، چکی بازار اور مین بازار کے رہائشی اور کمرشل علاقے بھی بند ہوں گے۔

واضح رہے کہ این سی اوسی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد3093ہوگئی، جبکہ ملک میں24گھنٹے کے دوران5ہزار358کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60ہزار 118ہوگئی ہے۔


 
 
 
 

 
 
 
 
 


 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 
 
 
 
 


 
 
 
 
 

مزیدخبریں