بجٹ کے حقائق سامنے آئے تو عوام مزید بلبلائیں گے: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے ہنگامہ نے بجٹ کی مجموعی شکل کو دھندلا کر دیا۔ حقائق سامنے آئے تو عوام مزید بلبلائیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ ظالم حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں۔  جماعت کے دروازے یوتھ کے لیے کھلے ہیں۔  وہ  انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرانے کے لیے میدان عمل میں نکلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں یوتھ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر جماعت وسطی پنجاب جاویدقصوری اور جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل نے دیگر ممبران کے  ساتھ اجلاس میں شرکت کی۔ میٹنگ میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں، بلاک کوڈ کی سطح پر نوجوانوں کی تنظیم سازی اور نوجوان طبقہ کو درپیش مسائل سے متعلق گفتگو ہوئی اور تجاویز دی گئیں۔ امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کو اپنا مشن بنائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کا نظریہ تیزی سے نوجوانوں میں مقبولیت پا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اقتدار میں آکر نہ صرف جمہوریت کو کمزور کیا بلکہ ملک کے پہلے سے موجود مسائل میں مزید اضافہ کیا۔  پارلیمنٹ میں ہونے والی ہلڑ بازی اور گالم گلوچ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاکہ جو لوگ اس عمل میں ملوث تھے، وہ قوم سے معافی مانگیں۔ یہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ اپنے آپ کو عوام کا نمائندہ کہنے والوں نے بدتہذیبی کی بدترین مثالیں قائم کیں۔

ای پیپر دی نیشن