اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مالی سال 2021-22 بجٹ میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا،پہلی مرتبہ 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ اپنے بیان میں وزیرمملکت نے کہاکہ بلاول صاحب، عوام آپ کی اصلیت جان چکی ہے، بجٹ کے جھوٹے اعدادوشمار بتانا آپ کا شیوہ بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مالی سال 2021-22 بجٹ میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا، عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلی مرتبہ 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ فرخ حبیب نے بتایاکہ اس اقدام سے تقریبا اڑھائی کروڑ لوگ معاشی طور پر مستحکم ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول صاحب بتائیں کہ این ایف سی سے ملنے والے 1600 ارب سے زائد کے فنڈزکہاں استعمال ہوئے؟