یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت اہل افراد کے ہاتھوں میں سونپی ہے،ایس ایم منیر

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ  ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اورہم نے اپنے گروپ کی قیادت ایسے فعال افراد کے ہاتھوں میں سونپی ہے جو بزنس کمیونٹی کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے آرہے ہیں اورجنہوں نے ہمارے ساتھ قدم ملا کر یو بی جی کا پرچم بلندکیا ہے اور ایسے ہی افراد میں یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،سیکریٹری جنرل ظفربختاوری اور سیکریٹری اطلاعات اختیار بیگ کا بھی شمار ہوتا ہے،ہم نے جو مشن یو بی جی کی نئی قیادت کو سونپا ہے انہوں نے ابتداء سے ہی ہمارے دل جیت لئے ہیں اور6ماہ پہلے ہی ایف پی سی سی آئی  کے الیکشن کیلئے انتخابی مہم  اور جدوجہدکا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاریو بی جی کے سیکریٹری جنرل ظفربختاوری کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے انکی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی تھی۔وفد میں سابق سینئرنائب صدرعامرعطا باجوہ، سابق نائب صدورزاہداقبال چوہدری،منظورالحق ملک،عبدالرئوف مختار اورملک سہیل حسین  شامل تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں خالدتواب کی کامیابی کو ناکامی میں بدلنے والے الیکشن کمیشن اور انکی مکمل سپورٹ کرنے والے اور ہائیکورٹ کی ہدایت پر عمل نہ کرکے توہین عدالت کرنے والے ڈائریکٹرجنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او)کے خلاف مکمل کاروائی کیلئے ہم نے وزیراعظم عمران خان، مشیرتجارت عبدالرزاق دائو،وفاقی وزیر خسروبختیار سے مطالبہ کردیا ہے۔اس موقع پر سیکریٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ یو بی جی کے صدر زبیرطفیل کی سربراہی میں ہم نے ملک بھر کی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کی قیادت سے رابطے شروع کردیئے ہیں اورہم  اپنے قائدین ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کو فیڈریشن چیمبر کے آئندہ الیکشن میں بہترین نتائج دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی ٹی اواپنے ضمیراورسچائی کے مطابق  جلد ہی خالدتواب کو صدر منتخب قرار دینے کا فیصلہ دیں گے اور اب اسلام آباد کی فضائیں گی خالدتو اب کے حق میں ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن