چکوال(شفیق ملک سے) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع چکوال کے ڈاکٹرز حکومتی اقدامات کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے اور جمعرات کے روز چکوال پریس کلب کے باہر نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں پاکستان میڈیکل کمیشن کے قیام کومستردکردیا۔ ریلی کی قیادت پنجاب میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کرنل(ر) غلام شبیر نے کی۔ جبکہ اس موقع پر پی ایم اے ضلع چکوال کے صدر ڈاکٹر اکرم طارق، ڈاکٹر جاوید ملک، ڈاکٹر جبران جاوید اورضلعی صدر ڈاکٹر طارق اعوان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرز نے اس موقع پر پاکستان میڈیکل کمیشن اور این ایل ای امتحان کیخلاف سخت نعرہ بازی کی۔ قبل ازیں ہائیڈ پارک پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل(ر) غلام شبیر نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز مافیا کو نوازنے کیلئے پاکستان میڈیکل کمیشن بنایاگیا ہے اور بغیر کسی بعث کے یہ کالا قانون اسمبلی سے منظور کرایا گیا ہے جبکہ یہی قانون دو بار پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینٹ سے بھی مسترد کیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر غلام شبیر نے حکومت پر واضع کیا کہ اگر یہ کالا قانون واپس نہ لیاگیا توڈاکٹرز آخری حد تک جائینگے جس میں قانونی رستے کے علاوہ احتجاج اور ہڑتالیں کی جائینگی۔