لاہور(سپورٹس رپورٹر)وسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے باعث پاکستان نے تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کینگروز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔ مین ان گرین ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کی ریٹنگ آسٹریلیا کے برابر 106 ہے تاہم اعشاریائی لحاظ سے وہ تیسرے نمبر ہیں جبکہ بھارت 105 ریٹنگ کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔تین میچوں کی جیت کے سلسلے نے پاکستان کو کافی مدد فراہم کی ہے کیونکہ ٹیم آئی سی سی سپر لیگ کی درجہ بندی میں بھی آگے بڑھ گئی ہے اور پوائنٹس ٹیبل میں بھی تیسرے نمبر پر ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ 125 پوائنٹس کیساتھ پہلے، انگلینڈ 124 پوائنٹس کیساتھ دوسرے، پاکستان 106 پوائنٹس کیساتھ تیسرے، آسٹریلیا 106 پوائنٹس کیساتھ چوتھے، بھارت 105 پوائنٹس کیساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 99 پوائنٹس کے ہمراہ چھٹے، بنگلہ دیش 95 پوائنٹس کیساتھ ساتویں، سری لنکا 86 پوائنٹس کیساتھ آٹھویں، ویسٹ انڈیز 72 پوائنٹس کیساتھ 9ویں جبکہ افغانستان 69 پوائنٹس کیساتھ دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔پاکستان کی اگلی ون ڈے سیریز ہالینڈ کے دورے میں شیڈول ہے۔گرین شرٹس اگست میں ہالینڈ کیخلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گی جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز ملک کے اندر معاشی بحران کی وجہ سے منسوخ کردی گئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایشیا کپ 2022ء میں بھی شرکت کرے گا اور سال کے اختتام سے قبل انگلینڈ کیخلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کی میزبانی کریگا۔
ون ڈے رینکنگ : پاکستان کینگروز کو پیچھے چھوڑ کر تیسری پوزیشن پر آگیا
Jun 18, 2022