لاہور(سپورٹس ڈیسک ) انگلینڈ نے نیدر لینڈز کو ون ڈے میچ میں 232ررنز سے ہر ادیا ۔ فاتح ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنادیا۔ایمسٹل وین میں ہونے والے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے نیدرلینڈز کے خلاف 4 وکٹ پر 498 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔اس سے قبل انگلینڈ ہی نے 2018 میں آسٹریلیا کیخلاف 481 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اپنا ہی ریکارڈ برابر کر دیا۔قبل ازیں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2019 ورلڈکپ کے دوران افغانستان کے خلاف 26 چھکے لگائے تھے۔اننگز میں انگلش ٹیم کے 3 بیٹرز نے سنچری بنائی، جوز بٹلر70گیندوں پر 162 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے‘انہوںنے14چھکے‘سات چوکے لگائے‘انہوںنے ستائیس گیندوں پر نصف سنچری اور سینتالیس گیندوں پر سنچری بنائی۔ڈیوڈ میلان نے 125 اور فل سالٹ نے 122 رنز کی اننگز کھیلی، لیام لیونگسٹن 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے‘انہوںنے سترہ گیندوںپر نصف سنچری سکور کی‘چھ چھکے اور چھ چوکے لگائے۔خیال رہے کہ انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ میں پانچویں مرتبہ 400 سے زائد سکور کیا ہے۔جواب میں نیدر لینڈز کی ٹیم 266رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ سکاٹ ایڈورڈز 72رنز بناکر نمایاں رہے ۔ معین علی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ جو ز بٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔