عمران خود بنی گالہ میں چھپے ، عوام کو سڑکوں پر بلارہے ہیں : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادیوں کی مدد سے عمران خان کی مہنگائی کی لگائی گئی آگ بجھائے گی۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب خود بنی گالہ  میں چھپ کر عوام کو سڑکوں پر بلا رہے ہیں، عمران صاحب عوام کو احتجاج کی کال نہ دیں، اپنی نالائقی اور نااہلی کا ماتم کریں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام چند ہیروں، سینکڑوں کنال زمین اور مالی فوائد کے لئے قومی اور عوامی مفاد پر سودا کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتی، عوام جھوٹے، منافق نالائق اور نااہل کے ساتھ نہیں نکلتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نالائقوں، نااہلوں، چوروں اور آئین شکنوں کی کال پہ کوئی نہیں نکلتا۔ کال نہ دیں، اپنی لائی مہنگائی اور معاشی تباہی کی ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے اللہ تعالی اور عوام سے معافی مانگیں۔ عوام خونی مارچ والوں اور مسلح جتھوں کے ساتھ نہیں نکلتے، عوام بے گناہ پولیس والوں کو گولیاں مار کے شہید کرنے والوں کے ساتھ نہیں نکلتے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران صاحب نے سازش کی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، حکومت ملک اور عوام کو بچانے آئی۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے اس کی خلاف ورزی  کی گئی اور پاکستان کی ساکھ خطرے میں ڈالی، اس کے ذمہ دار عمران صاحب آپ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن