اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فیٹف کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارک پیش کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ "وائٹ لسٹ" کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارک دیتا ہوں، آپ سب کی کاؤشیں رنگ لائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت حناربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیٹف سے متعلق تشکیل کردہ "بنیادی سیل" اس میں شامل فوجی اور سول قیادت اور ٹیم کی کاؤشیں لائق تحسین ہیں، یہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے جو مسلسل اس قومی کاؤش کے لئے کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے، انشاء اللہ، ایسی مزید خوش خبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی، وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی سے معاشی و اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔
اسلام آباد (خبرگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود کی انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے خصوصی کوششوں کو سراہا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود اور سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر کا خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیا کا دورہ قابل ستائش ہے، بروقت درآمد سے ملک میں خوردنی تیل کے متوقع بحران کے خطرے کا سد باب ہوا ،خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کے نرخوں میں کمی ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود نے خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیا کا دورہ کیا۔ وزیرِ صنعت کی کوششوں کی بدولت انڈونیشیاسے اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن (10 بحری جہاز) خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ خوردنی تیل کی پہلی کھیپ وزیرِ صنعت و پیداوار کی انڈونیشیا میں موجودگی کے دوران ہی پاکستان روانہ کر دی گئی تھی۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین نے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ سردار اسرار ترین نے وزیراعظم کو عوام دوست بجٹ پر خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پوسٹل کنونشن میں پاکستان کی شمولیت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانی ہوگی، اب پاکستانی تصدیق شدہ دوستاویزات 100 سے زائد ممالک میں قابل قبول ہوں گی۔ جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوسٹل کنونشن میں پاکستان کی شمولیت سے ہمارے شہری شادی کے سرٹیفیکیٹ، ڈگریاں اور دیگر دستاویزات پاکستان میں وزارت خارجہ کے مجازافسران سے تصدیق کراسکیں گے جنہیں مزید تصدیق کی ضرورت کے بغیر بین الاقوامی سطح پر قبول کیا جاسکے گا۔