لاہور (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سستے آٹے کے بعد عام آدمی کو سستے داموں کچن آئٹمز کی فراہمی کے پروگرام کے حوالے سے ہدایت کی ہے کہ 3 روز کے اندر پلان آف ایکشن پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کی مشکلات کا ادراک ہے اور میری اولین ترجیح ہے کہ عام آدمی پر معاشی بوجھ کم کیا جا سکے۔ سبزیوں کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ضلع میں باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو خود مانیٹر کریں۔ فیلڈ وزٹ کا مستند ڈیٹا ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے فیلڈ وزٹ نہ کرنے والے افسروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ سستے آٹے کی فراہمی پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، اس کی ایک ایک پائی عام آدمی تک پہنچنی چاہئے۔ سستے آٹے کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ آٹے اور گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیرصدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈلیوری ایسوسی ایٹس کے چیئرمین سر مائیکل باربر اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب حکومت اور سر مائیکل باربر نے پارٹنرشپ بحال کرنے پر اتفاق کیا۔ سر مائیکل باربر نے کہا پنجاب حکومت سے تعاون کریں گے اور اس ضمن میں مشترکہ ٹیم آئندہ کا لائحہ عمل کے لئے سفارشات تیار کرے گی اور جامع روڈمیپ مرتب کرکے تیزی سے آگے بڑھا جائے گا۔ سر مائیکل باربر نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں پنجاب کے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بے پناہ کام ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سر مائیکل باربر کے ساتھ مل کر پنجاب کے عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ حمزہ شہباز سے امریکہ کے قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے ملاقات کی اور وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر حمزہ شہباز کو مبارکباد دی۔ ولیم کے میکانیول نے حمزہ شہباز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کثیر الجہت نوعیت ہیں۔ زراعت، ماحولیات، واٹر شارٹیج اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ حمزہ شہباز نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں جاری بارشوں کے پیش نظر واساز، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب مقرر کردہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ افسرخود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔ حمزہ شہباز نے لاہور اور بعض دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حمزہ شہباز نے سروسز ہسپتال میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔