کراچی ( کامرس رپورٹر ) ایف اے ٹی ایف اجلاس میں گرے لسٹ سے پاکستا ن کے اخراج کی امید اور پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے قریب تر ہونے کے امکانات پر پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزکاروبار حصص میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 400پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر عبور کر گئی۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں64ارب روپے سے زائد کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ67.42فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔سٹاک ماہرین کے مطابق پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے اخراج کی امیدوں پرکاروباری سرگرمیوں میں ابتدائی سیشن سے ہی تیزی دیکھی گئی جس کی وجہ سے ایک موقع پر انڈیکس 42420.64پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا۔ زیادہ تر خریداری مالیاتی اداروں نے کی ہے بڑے سرمایہ کاروں نے بلیو چپ شیئرز خریدے،پاکستان کوگرے لسٹ کی فہرست سے نکالنے پر اگلے سیشن میں انڈیکس 43 ہزار کا ہندسہ عبور کر جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
گرے لسٹ سے اخراج کی امید،انڈیکس 400پوائنٹس بڑھ گیا
Jun 18, 2022