دھوکہ دہی،کرپشن :نجی بنک منیجرکو 5 سال قید اور 6 کروڑ روپے جرمانہ

کوئٹہ (اے پی پی)احتساب عدالت کوئٹہ نے نجی بنک منیجرکے خلاف عوام الناس سے دھوکہ دہی اور کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور 6 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔ترجمان کے مطا بق نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر محمد دائود جان نے کیس کی پیروی کی جبکہ احتساب عدالت کے جج جناب آفتاب احمد لون نے فیصلہ سنایا۔ تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان کو نجی بنک کے میزان چوک برانچ کے مینجر کیخلاف 60 سے زائد متاثرین کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں جس پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا جس پر معلوم ہوا کہ ملزم نے متوازی بنکنگ کے ذریعے اکاونٹس ہولڈرز کی رقوم بجائے بنک میں جمع کرانے کے خردبرد کر لی ۔ جرم منکشف ہونے اور تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انکوائری کے بعد ریفرنس دائر کئے جانے کے بعد ملزم مفرور تھا۔ نیب نے احتساب عدالت کی جانب سے بنک مینجر کو اشتہاری قرار دینے کے بعد ملزم کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سے گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔احتساب عدالت کوئٹہ نے ملزم اور استغاثہ کو سننے کے بعد ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں قید وجرمانہ کی سزا سنادی ہے۔

ای پیپر دی نیشن