لاہور (خبرنگار خصوصی،نیوز رپورٹر) چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 51ویں پی این سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ پی این وار کالج آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیر ایڈمرل شفاعت علی خان نے ائیر چیف کا استقبال کیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان نیوی وار کالج کے ذریعہ فراہم کردہ معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کو سراہا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کی بیش قیمت خدمات کی بھی تعریف کی۔ معزز مہمان نے کہا کہ جنگی ٹیکنالوجی میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر دفاعی پیداوار میں خود انحصاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج ملک کے سرحدی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ پاک فضائیہ ایک پیشہ ورانہ فوج ہے جس میں ملک کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی کا بر وقت جواب دینے کی صلاحیت ہے۔