راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)راولپنڈی کے شہریوں کا پٹرولیم مصنوعات میں تیسری بار اضافے کو مسترد کرتے ہو ئے سراپا احتجاج بن گئے، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان غریب افراد پر بجلی بن کر گرے گا ، ابھی بھی کوئی کاروبار نہیں چل رہا، غریب آدمی خودکشی نہ کرے تو قدر جائے ، کوئی سننے والا نہیں کوئی مہنگائی کو روکنے والا نہیں، حکمرانوں میں سے کوئی بھی غریب نہیں کہ انہیں احساس ہوکہ مہنگائی نے غریب آدمی کو زمین کے اندر گھسا دیا ہے، ان خیالات کا اظہارڈینیل،خادم حسین، شہباز خان، طاہر، جمشید علی، اسحاق ، ناصر عمر نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ معلوم نہیں ملک میں کیا ہو رہا ہے حکمران کرسی کے لئے لڑ رہے ہیں جو بھی آتا ہے ساتھ اپنے مہنگائی کا طوفان لیکر آتا ہے، عمران خان کی حکومت میں مہنگائی سے تنگ اور پریشان تھے کہ ن لیگ اور دیگر جماعتوں کی حکومت آگئی ایک امید تھی کہ شاید یہ لوگ عوام کو کچھ ریلیف دیں گے اور مہنگائی کنٹرول کرینگے الٹا ان کے دور میں مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری کا مزید اضافہ ہو گیا ہے، دو وقت کی روٹی غریب آدمی کیلئے کمانا بھی مشکل ہو گئی ہے، آئے روز پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،بڑھتی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی سے پریشان افراد گھر کا کرایہ دیں بجلی کے بھاری بل ادا کریں، بچوں کی سکولوں کے اخراجات پورے کریں یا پھر اشیاء خورونوش کیلئے بھاگ دوڑ کریں، ہر روز یہی خبر ملتی ہے کہ فلاں اشیاء مہنگی ہو گئی، آج گھی کے نرخ بڑھا دیئے گئے، آج گیس کی قیمت بڑھ گئی، ہم نوائے وقت کے ذریعے حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں خدارا غریب آدمی پر رحم کریں، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ اور اشیاء خوردونوش کی بڑھتی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ، مزید مہنگائی ہوئی تو ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
پٹرولیم مصنوعات میں اضا فہ پر عوام سراپا احتجاج ، مہنگائی کا طوفان آئیگا
Jun 18, 2022